Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوزوکی آلٹو میں خرابی: کمپنی نے گاڑیاں واپس منگوا لیں

پاکستان میں سوزوکی نے آلٹو کے تین ویریئنٹ متعارف کروائے ہیں۔ فوٹو: اباؤٹ کارز
پاکستان کی پہلی 660 سی سی اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی سوزوکی آلٹو کی فیول لائن میں خرابی کے باعث کمپنی نے گاڑی کے مالکان کو فیول لائن تبدیل کروانے کی درخواست کی ہے۔ 
سوزوکی پاکستان کی جانب سے عوامی نوٹس جاری کرتے ہوئے 2019 سے 2021 تک تمام ماڈلز کے گاڑی کے مالکان کو فوری طور پر فیول لائن تبدیل کروانے کا کہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر نومبر میں فیول لائن میں خرابی کے باعث سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی ڈیلیوری روک دی تھی جس کی وجہ سے ڈیلیوری ایک سے دو ماہ تک تاخیر کا شکار رہی۔
سوزوکی پاکستان کے مطابق ’کمپنی نے 2019 سے 2021 تک کے ماڈلز کے لیے سروس مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں گاڑی کی فیول فلر لائن کو  تبدیل کیا جائے گا۔‘
سوزوکی کمپنی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ’وقت گزرنے کے ساتھ فیول فلر لائن زنگ آلود ہونے اور لائن میں سوراخ ہونے کا خدشہ ہے۔‘
کمپنی نے مذکورہ گاڑی مالکان کو فیول لائن تبدیل کروانے کے لیے فوری طور پر ڈیلر شپ سے رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ سوزوکی پاکستان نے 2019 میں آلٹو گاڑی پاکستان میں اسمبل کرنے کا آغاز کیا تھا۔ آلٹو پاکستان میں اسمبل ہونے والی پہلی 660 سی سی گاڑی ہے۔  
اسلام آباد کے ایک سوزوکی ڈیلر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’کمپنی کی جانب سے ڈیٹا فراہم کرنے کے بعد کسٹمرز سے رابطے کیے جارہے ہیں تاہم مالکان خود بھی ڈیلر شپ سے معائنہ کروانے کے بعد فیول لائن تبدیل کروا سکتے ہیں۔‘ 
خیال رہے کہ سوزوکی کمپنی آلٹو کی لانچنگ سے اب تک متعدد بار قیمتوں میں اضافہ کر چکی ہے تاہم ملک میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آلٹو پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے۔ 

سوزوکی کمپنی کے مالکان کو فیول لائن تبدیل کرانے کا کہا گیا ہے۔ فوٹو: اباؤٹ کارز

آل پاکستان ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے سوزوکی کی جانب سے گاڑیوں کے فیول لائن میں خرابی سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’گاڑی میں سیفٹی کے متعدد مسائل سامنے آچکے ہیں۔ کمپنی نے گاڑی میں ایئر بیگز تو دیے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر یہ شکایات سامنے آرہی ہیں کہ کھلتے ہی نہیں ہیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’یہ گاڑیان پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہو رہی ہیں۔ ان میں اس قسم قسم کی خرابیاں سامنے آنا تشویشناک ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ تمام کمپنیوں کو سیفٹی کے پروٹوکولز پر عمل درآمد کرانے کا پابند بنایا جائے۔‘ 
پاکستان میں سوزوکی نے آلٹو کے تین ویریئنٹ متعارف کروائے ہیں جن کی موجودہ قیمت 14 لاکھ 75 ہزار سے 19 لاکھ 51 ہزار ہے۔

شیئر: