حج آپریشن جاری، پاکستان سے سرکاری سکیم کے عازمین کی نصف تعداد سعودی عرب پہنچ گئی
مرکزی کنٹرول آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 15 ہزار 864 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ فائل فوٹو: ایس پی اے
پاکستان سے حج آپریشن 2022 کامیابی سے جاری ہے اور سرکاری عازمینِ حج کی نصف تعداد سعودی عرب پہنچ گئی۔
مدینہ میں وزارت مذہبی امور کے پاکستان ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام شعبوں میں عملہ متعین ہے۔
سرکاری حج سکیم کے ذریعے براہ راست مدینہ پہنچنے والے عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی بھی جاری ہے۔ شروع کی پروازوں سے مدینہ منورہ پہنچنے والے 3267 عازمینِ حج آٹھ دن قیام کے بعد مکہ مکرمہ روانہ کر دیے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق 1300 عازمین گذشتہ روز منگل کو مکہ مکرمہ روانہ کیے گئے جبکہ 1967 عازمین بدھ کو مدینہ منورہ سے مکہ روانہ کیے گئے۔
براہ راست مدینہ آنے والے عازمین کی واپسی حج کے بعد جدہ سے ہو گی جبکہ حج کے بعد مکہ سے مدینہ آنے والے عازمین مدینہ سے وطن روانہ ہوں گے۔ مدینہ کے لیے پاکستان سے جاری فلائٹ آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تک مکمل کر لیا جائے گا۔
جمعرات سے حج پروازیں پاکستان سے براہ راست جدہ کے لیے روانہ ہوں گی۔
مکہ مکرمہ میں قائم مرکزی کنٹرول آفس سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 15 ہزار 864 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
بدھ کو دو پروازوں کے ذریعے مزید 639 عازمینِ حج مدینہ منورہ پہنچیں گے جبکہ نجی حج سکیم کے تحت 165 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق 234 افراد پر مشتمل طبی عملہ، معاونین اور وزارت مذہبی امور کے اہلکار مکہ اور مدینہ میں انتظامی امور سر انجام دے رہے ہیں۔
شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھول کر حج مشن آنے والے 77 عازمین کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جبکہ حرم گائیڈز نے حرم شریف کے باہر 304 عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی۔
مرکزی کنٹرول آفس نے اب تک صفائی، موبائل سم، پانی، رہائش اور کھانے سے متعلق 22 شکایات کا ازالہ کیا ہے۔ عازمینِ حج کی صحت کی حفاظت کے لیے ماہر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی زیر نگرانی دو ہسپتال اور 6 ڈسپنسریاں مصروف عمل ہیں۔
مرکزی کنٹرول آفس کے شعبہ سہولت و تعاون کی زیر نگرانی تمام شعبہ جات کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ عازمینِ حج کو 24 گھنٹے سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر شعبہ کا سٹاف شفٹوں میں متعین کیا گیا ہے۔