زارا نور عباس کی ’محبتیں‘: ’گروکل کی ہوائیں بدل رہی ہیں‘
زارا نور عباس کی ’محبتیں‘: ’گروکل کی ہوائیں بدل رہی ہیں‘
جمعرات 30 جون 2022 16:38
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
زارا نور عباس نے فلم ’محبتیں‘ میں افسانوی سکول گروکل کی اصلی لوکیشن پر جا کر تصاویر بھی بنوائی ہیں۔ (فوٹو: زارا نور عباس انسٹاگرام)
پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس بھی بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی مداح ہیں۔
بدھ کو مائیکرو بلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں زارا نور عباس نے سنہ 2000 میں شاہ رخ خان کی ریلیز ہونے والی فلم ’محبتیں‘ کا ڈائیلاگ شیئر کیا ہے۔
زارا نور عباس نے فلم ’محبتیں‘ میں افسانوی سکول گروکل کی اصلی لوکیشن پر جا کر تصاویر بھی بنوائی ہیں۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں زارا نور عباس نے لکھا ’گروکل کی ہوائیں بدل رہی ہیں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ اس دن شاہ رخ خان کے بالی وڈ انڈسٹری میں 30 سال منائے جا رہے تھے اور میں اس جگہ گئی جہاں فلم محبتیں کے بیرونی مناظر شوٹ کیے گئے تھے۔ شاہ رخ خان سے پیار مضبوط ہے، ٹی وی پر نظر آںے والی ان جگہوں کو حقیقت میں دیکھ کر شاندار لگ رہا ہے۔‘
’محبتیں‘ میں دکھایا جانے والا سکول گروکل اصل میں انگلینڈ کی کاؤنٹی ولٹ شائر میں واقع لونگ لیٹ نامی ایک پرانا محل ہے۔
زارا نور عباس نے اپنی دوسری پوسٹ میں بھی فلم کا ڈائیلاگ لکھا۔
انہوں نے لکھا ’مر بھی جائیں پیار والے، مٹ بھی جائیں پیار والے، زندہ رہتی ہیں ان کی محبتیں۔‘
اس مشہور فلم کی کہانی سکول میں پڑھنے والے طالب علموں کے گرد گھومتی ہے جن کی محبت کو سکول کے سخت مزاج پرنسپل کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور انھیں میوزک ٹیچر (شاہ رخ خان) کی مدد حاصل ہوتی ہے جو پرنسپل کی آنجہانی بیٹی سے محبت کرتے ہیں۔
زارا نور عباس پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جنہوں نے ’پرے ہٹ لو‘، ’چھلاوا‘، ’دل تیرا ہو گیا‘ جیسی فلموں اور ’عہد وفا‘، ’زیبائش‘ اور ’دیوار شب‘ جیسے سپر ہٹ ڈراموں میں کام کیا ہے۔
خیال رہے کہ 25 جون کو شاہ رخ خان کے مداحوں نے دنیا بھر میں ان کے بالی وڈ میں 30 سال پورے ہونے کا جشن منایا تھا۔