ایران میں زلزلے سے پانچ ہلاک، یو اے ای میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے
ایران میں 12 مرتبہ سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایران میں سنیچر کی صبح آنے والے زلزلے کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اس کے جھٹکے متحدہ عرب امارات میں بھی محسوس کیے گئے تاہم وہاں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
عرب نیوز نے نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ تین تھی تاہم اس سے یو اے ای میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم اس کی وجہ سے ایران میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کا کہنا ہے کہ ایران میں وقفے قفے سے چھ اعشاریہ ایک اور چھ اعشاریہ تین کی شدت سے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسی طرح خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایرانی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایران میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ھرمزگان صوبے کے ہنگامی امور کے سربراہ مہرداد حسن زادہ نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’زلزلے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 12 افراد کا ہسپتال میں علاج ہو رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ امدادی کارروایاں جاری ہیں اور متاثرین کو خیمے مہیا کیے جا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ 6.3 شدت کے زلزلے کے بعد دو مرتبہ 6.1 شدت کے زلزلے آئے جس نے ایران کے خلیجی ساحل کے قریب ایک گاؤں سایہ خوش کو ملیا میٹ کر دیا۔
اس کے بعد بھی 12 مرتبہ سے زیادہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
بندر لنگہ کے گورنر فواد مراد زادہ نے کہا ہے کہ ’پہلے زلزلے میں ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں اور باقی دو میں کوئی نقصان نہیں ہوا کیونکہ لوگ پہلے ہی سے گھروں سے نکل آئے تھے۔‘
حالیہ برسوں میں ایران زلزلے کی تباہ کاریوں کا شکار ہوا ہے۔ 2003 میں صوبہ کرمان میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 31 ہزار ہلاک ہوئے تھے اور قدیم شہر بام ملیا میٹ ہوا تھا۔