Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ سے قبل زلزلہ، ’تمام کھلاڑی خیریت سے ہیں‘

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 تھی (فائل فوٹو: آئی سٹاک)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل جمعے کو چٹوگرام میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، ٹیم انتظامیہ کے مطابق شہر میں موجود پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کے تمام کھلاڑی اور آفیشلز خیریت سے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 تھی، زلزلے کے جھٹکے جمعے کی صبح ڈھاکہ اور چٹوگرام سمیت بنگلہ دیش کے کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بھی دورہ بنگلہ دیش پر چٹوگرام میں موجود ہے جہاں آج وہ ظہور احمد چودھری سٹیڈیم میں مہمان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کھیل رہی ہے۔
قومی ٹیم کے مینیجر منصور رانا نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ ’اللہ کا شکر ہے سب خیریت سے ہیں۔‘  
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ ’زلزلہ انڈیا اور میانمار کی سرحد کے قریب آیا۔ زلزلے کا مرکز میانمار کی ریاست چِن میں ہاکہا کا علاقہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے سے فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں آئی۔
یورپی بحیرہ روم زلزلہ پیما مرکز نے ٹویٹ کی کہ زلزلے کے جھٹکے بنگلہ دیش میں چٹوگرام سے انڈیا کے شہر کولکتہ تک محسوس کیے گئے۔
انڈیا کے قومی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ’زلزلہ شمال مشرقی انڈیا سے 140 کلومیٹر دور 12 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔‘

شیئر: