Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر خریداری کے معاہدے پر ’قانونی جنگ‘ کا امکان، کمپنی کے شیئرز گر گئے

ایلون مسک اور ٹوئٹر کے چیئرمین کے بیانات کے بعد کمپنی کے شیئرز کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹوئٹر کی خریداری کا معاملہ عدالت میں جانے کے خدشے پر سوشل میڈیا کمپنی کے شیئرز کی قدر چھ فیصد گر گئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو حصص مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر ٹوئٹر کے شیئرز کی قدر میں کمی دیکھی گئی۔
دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کمپنی کے مالک ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کی خریداری کے لیے 44 ارب ڈالر کے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کے بعد سوشل میڈیا کمپنی کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر کے بورڈ نے اس پر قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعے کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کی خریداری کے معاہدے کو ختم کر رہے ہیں کیونکہ کمپنی نے متعدد شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔
ٹوئٹر کے چیئرمین نے اس بیان کا ٹویٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’ٹوئٹر بورڈ کمپنی کی فروخت کے لیے ایلون مسک کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی رقم اور شرائط پر قائم ہے اور اس پر عمل کرانے کے لیے قانونی کارروائی کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ قانونی جنگ جیت جائیں گے۔
ایلون مسک کے وکیل نے ایک تحریری نوٹس میں کہا کہ معلومات اور جعلی یا سپیم اکاؤنٹس کی معلومات فراہم کرنے کی متعدد درخواستوں کا ٹوئٹر نے جواب نہیں دیا اور کئی بار انکار بھی کیا۔
وکیل کے نوٹس کے مطابق ’ٹوئٹر نے معاہدے کی متعدد دفعات کی خلاف ورزی میں ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ معاہدے کے وقت اس نے غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کیں جن پر ایلون مسک نے انحصار کیا تھا۔‘

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ٹوئٹر کی 44 ارب ڈالر میں خریداری کا معاہدہ کیا تھا۔ فوٹو: سکرین گریب

ایلون مسک کے فیصلے کے نتیجے میں ارب پتی اور سان فرانسسکو میں قائم سوشل میڈیا کمپنی کے درمیان ایک طویل قانونی جنگ کا امکان ہے۔
ڈیلاویئر کی عدالتوں میں کمپنیوں کے متنازع انضمام اور خریداری کے مقدمات کا اختتام زیادہ تر معاہدوں کی تکمیل کے لیے ازسر نو گفت و شنید پر ہی ہوتا ہے۔ اس کی وجہ کمپنیوں کی جانب سے اپنے غیریقینی مستقبل سے بچنا اور آگے بڑھنا ہوتا ہے۔

شیئر: