ہمارا مقابلہ صرف لوٹوں سے نہیں بلکہ شریف خاندان اور الیکشن کمیشن سے بھی ہے: عمران خان
عمران خان نے کہا کہ ’چیف الیکشن کمشنر چھپ چھپ کر مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملتا ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ’17 جولائی کے انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ہمارا سارا وقت دھاندلی روکنے میں لگا ہوا ہے۔‘
بدھ کے روز اٹھارہ ہزاری جھنگ میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’ایک مسٹر ایکس بیٹھا ہوا ہے اور مسٹر وائی کو ملتان بھجوایا ہوا ہے اور انہیں حکم ملا ہے کہ ان چوروں کو الیکشن جتوانا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ان انتخابات میں ہمارا مقابلہ صرف لوٹوں سے نہیں بلکہ شریف خاندان اور الیکشن کمیشن سے بھی ہے۔‘
’چیف الیکشن کمشنر دونوں پارٹیوں سے مل گیا ہے، وہ چھپ چھپ کر مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملتا ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’سندھ کے بلدیاتی الیکشنز میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے اور یہ بات حکومت کی اتحادی جے یو آئی نے بھی کی ہے۔‘
’اگر چیف الیکشن کمشنر میں ذرا سی بھی اخلاقی قوت ہوتی تو انہیں اس دھاندلی پر استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی بھی مخالفت کی حالانکہ اس کا کام صاف شفاف الیکشن کرانا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’اتوار کے ضمنی انتخابات ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، ہم نے الیکشن جیت کر ملک کو امریکہ کےغلاموں سے بچانا ہے۔‘
’یہ لوگ خواتین کے پولنگ سٹیشنز پر دھاندلی کرتے ہیں، ہم اپنے پولنگ ایجنٹس کو بتا رہے ہیں کہ یہ کس طریقے سے دھاندلی کرتے ہیں، ہمارا سارا وقت اس بات پر لگ رہا ہے کہ دھاندلی کو کیسے روکا جائے۔‘