Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی: سی ویو دو دریا میں ریسٹورنٹ کا حصہ سمندر میں گر گیا

ڈی سی کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے  لیے گئے ہیں۔ (فوٹو: فیس بک)
پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے مشہور تفریحی مقام سی ویو دو دریا پر ساحل کے ساتھ  بنائے گئے ریسٹورنٹ کا ایک حصہ سمندر میں گر گیا ہے۔
 واقعہ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے دو دریا پر موجود تمام ریسٹورینٹس کے سمندر پر قائم حصوں کو سیل کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی تبریز صادق نے اردو نیوز کو بتایا کہ سی ویو دو دریا پر سمندر میں جس ریسٹورنٹ کا ایک حصہ پانی میں گرا ہے وہ کافی عرصے سے بند تھا۔
حالیہ مون سون میں تیز بارشوں کے ساتھ ساتھ سمندری لہریں بھی تیز ہیں جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر کچی پکی تعمیرات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اور اس بند ریسٹورنٹ کا گرنے والا حصہ بھی متاثر تھا۔
’ریسٹورنٹ بند ہونے کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے، واقعہ کے بعد دو دریا پر موجود تمام ریسٹورنٹس کا سمندر پر بنا گیا حصہ سیل کردیا گیا ہے۔‘
ڈی سی کے مطابق یہ اقدامات کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچنے کے لیے  لیے گئے ہیں۔
’تمام ریسٹورنٹس کو ڈی ایچ اے انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ سے سٹریکچر ویری فکیشن این او سی اور سٹریکچر کے جانچ پڑتال کی بعد ڈی سیل کردیا جائے گا۔
دو دریا پر واقع ریسٹورنٹس کی ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر جنوبی کی ہدایت پر انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کولاچی ، کباب جیز، الحبیب ، السجاد ، چارکول سمیت دیگر ریسٹورنٹس کو سیل کردیا ہے۔

شیئر: