Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پلیز! میری فلموں کا بائیکاٹ نہ کریں، پلیز میری فلمیں دیکھیں: عامر خان

عامر خان نے مزید کہا ہے کہ ’مجھے اپنے ملک سے بہت پیار ہے۔‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)
سال 2020 میں پراسرار طور پر خود کشی کرنے والے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے بالی وُڈ پر شدید تنقید کی جاتی ہے۔
سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے بالی وُڈ کے بائیکاٹ کی مہم کا انٹرنیٹ پر ٹرینڈ چلایا گیا تھا جس کا مقصد سوشانت کی موت کے پیچھے انڈسٹری میں چھپے لوگوں کو سزا دلوانا تھا۔
یہ ٹرینڈ اتنا عام ہوا ہے کہ انٹرنیٹ کے ذریعے اب ہر بالی وُڈ فلم کے خلاف مہم چلائی جاتی ہے اور اسے فلاپ کروانے کے پوری کوشش کی جاتی ہے۔
اسی سلسلے میں حالیہ دنوں میں انٹرنیٹ پر ’بائیکاٹ بالی وُڈ‘ اور ’بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘ جیسے ہیش ٹیگ اور ٹرینڈ بھرپور انداز سے چلائے جا رہے ہیں۔
یہ ٹرینڈ اتنا مضبوط اور خطرناک ہے کہ سپرسٹار عامر خان کو بھی اپنی 11 اگست کو آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بارے میں فکر ستانے لگی ہے۔
انڈین نیوز ویب سائٹ دی انڈین ایکسپریس کے مطابق بالی وُڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے اپنی آنے والی فلم لعل سنگھ چڈھا کی تشہیر کے دوران ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’پلیز میری فلموں کا بائیکاٹ نہ کریں، پلیز میری فلمیں دیکھیں۔‘
اس سے پہلے لال سنگھ چڈھا میں بطور مرکزی کردار نظر آنے والی کرینہ کپور نے بھی لال سنگھ چڈھا کے بارے میں ہونے والی انٹرنیٹ ٹرولنگ اور بائیکاٹ مہم کے بارے میں بیان دیا ہے۔
کرینہ کپور کہتی ہیں کہ ’اب ہر کسی کے پاس رسائی ہے، سب کے پاس آواز ہے، مختلف پلیٹ فارمز ہیں، سب اپنی رائے دیتے ہیں، لہٰذا اگر اب ایسا ہوتا ہے تو آپ کو کچھ خاص چیزوں کو نظرانداز کرنا سیکھنا ہوگا، ورنہ آپ کے لیے جینا ناممکن ہوجائے گا، لہٰذا اسی وجہ سے ایسی چیزوں کو سنجیدہ نہیں لیتی۔‘
بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا ٹرینڈ کے بارے میں کرینہ کہتی ہیں کہ ’یہ ایک فلم ہے۔ اس نے ریلیز ہونا ہے اور اس کے بارے سب کی رائے ہوگی۔‘
’اگر فلم اچھی ہوگی تو تمام چیزوں پر حاوی ہوجائے گی اور لوگوں کی طرف سے جواب اچھا آئے گا، میرے خیال سے اچھی فلمیں تمام چیزوں پر حاوی ہوجاتی ہیں۔‘

2015 میں عامر خان انڈیا میں انتہاپسندی کے بارے میں بیان دے کر میڈیا اور دائیں ہاتھ کی جماعتوں کے شکنجے میں آچکے ہیں۔(فائل فوٹو: سکرین گریب)

دوسری جانب عامر خان نے اپنی فلم کے خلاف جاری مہم کے بارے میں کہا ہے کہ ’بائیکاٹ بالی وُڈ، بائیکاٹ عامر خان، بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا‘ مجھے افسوس ہوتا ہے۔‘
’مجھے افسوس ہوتا ہے کہ جو لوگ ایسا کہہ رہے ہیں۔ انہیں لگتا ہے کہ میں شاید ایسا ہوں کہ مجھے انڈیا پسند نہیں ہے۔ وہ اپنے دل میں ایسی بات پر یقین رکھتے ہیں۔ لیکن یہ جھوٹ ہے۔‘
عامر خان نے مزید کہا ہے کہ ’مجھے اپنے ملک سے بہت پیار ہے۔ میں ایسا ہی ہوں، یہ بدقسمتی ہے کہ لوگوں کو ایسا لگتا ہے۔ میں سب کو یقین دِلانا چاہتا ہوں کہ ایسا نہیں ہے۔ لہٰذا پلیز میری فلموں کا بائیکاٹ نہ کریں، پلیز میری فلمیں دیکھیں۔‘
اس سے قبل 2015 میں عامر خان انڈیا میں انتہاپسندی کے بارے میں بیان دے کر میڈیا اور دائیں ہاتھ کی جماعتوں کے شکنجے میں آچکے ہیں۔
خیال رہے عامر خان اور کرینہ کپور کی فلم لال سنگھ چڈھا 1994 میں ٹام ہینکس کی معروف فلم ’فارسٹ گمپ‘ کا ریمیک ہے اور یہ فلم 11 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

شیئر: