سعودی عرب اورامریکہ کے مفادات کافی حد تک مشترک ہیں، مارٹینا سٹرانگ
دونوں ملک یمن میں استحکام قائم کرنے کے لیے کوشاں ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں متعین امریکی سفارتخانے کی ناظم الامور مارٹینا سٹرانگ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کے مفادات کافی حد تک ملتے ہیں۔ دونوں ملک یمن میں کشمکش ختم کرانے اور استحکام بحال کرانے کے لیے مل کر کوشش کررہے ہیں۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مارٹینا سٹرانگ نے کہا کہ مملکت کے ساتھ امریکہ کے مفادات بڑی حد تک مشترک ہیں۔ دونوں ملک یمن میں استحکام قائم کرانے اور کشمکش ختم کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔ ہم طویل عرصے سے اس سلسلے میں ایک دوسرے کے ساتھی ہیں اور انتہائی معتبر طریقے سے مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے مزید کہا کہ سعودی قیادت یمنی بحران اور کشمکش حل کرانے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم اس حوالے سے سعودی قیادت کو قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
مملکت کے قائدین یمن میں جنگ بندی اور وہاں کشمکش کی خلیج پاٹنے کے لیے سیاسی، سفارتی راہ اپنانے کے لیے کام کررہے ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے توجہ دلائی کہ جب سے صدر جوبائیڈن نے امریکہ کی قیادت اپنے ہاتھ میں لی ہے وہ اس مسئلے کو بہت زیادہ اہمیت دے رہے ہیں۔
امریکی ناظم الامور نے کہا کہ صدر بائیڈن محسوس کررہے ہیں کہ وہ فیصلہ کن مرحلے میں سعودی عرب آئے۔ ان کے دورہ مملکت کا ایک بڑا ہدف دنیا بھر میں اتحاد و شراکت کا استحکام تھا۔ انہوں نے اپنے دورے سے مثبت جدوجہد کو متحرک کرنے کا کام لیا۔
امریکی ناظم الامور نے اپنا بیان مکمل کرتے ہوئے کہا کہ 8 عشروں سے زیادہ عرصے سے سعودی امریکی شراکت چل رہی ہے۔ یہ شراکت اقتصادی تعاون، سیکیورٹی امور اور دونوں ملکوں کے عوام کے تعلقات کو وسیع تر بنانے میں موثر کردارادا کرتی رہی ہے۔ اس کی بدولت دونوں ملکوں کے عوامی تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔