بیرونی عمرہ زائرین کے لیے کورونا انشورنس لازمی
زائرین کے لیے پی سی آر اور ویکسینیشن کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کے لیے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ اور کورونا ویکسین سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ضروری نہیں رہا۔ البتہ کووڈ 19 میڈیکل انشورنس سکیم حاصل کرنا ضروری ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کے لیے سعودی عرب آنے سے قبل ریپڈ کورونا ٹیسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ ویزے پر آنے والے سعودی عرب میں 90 روز تک قیام کرسکتے ہیں۔ انہیں اس دوران مکہ اور مدینہ سمیت سعودی عرب کے تمام شہروں میں آنے جانے کی آزادی ہوگی۔
عمرہ زائر ویزہ درخواست مندرجہ ذیل لنک https://maqam.gds.haj.gov.sa/Home/OTAs کے ذریعے عمرہ پیکیج حاصل کرسکتے ہیں اور عمرہ ویزے کے اجرا کی درخواست دے سکتے ہیں۔ انہیں مندرجہ ذیل لنک https://haj.gov.sa/ar/InternalPages/Umrah پر جاکر اپنے ملک کے حوالے سے مقررہ عمرہ شرائط دریافت کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ عمرے کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے۔ پرمٹ اسی کو جاری ہوگا جو وائرس سے متاثر نہ ہوا ہو یا کورونا کے مریض سے میل ملاپ نہ ہوا ہو۔ البتہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ایسے زائرین نماز ادا کرسکتے ہیں جو امیون نہ ہوں۔