لاہور میں پی ٹی آئی کا پاور شو، عمران خان کا خطاب جاری
لاہور میں پی ٹی آئی کا پاور شو، عمران خان کا خطاب جاری
ہفتہ 13 اگست 2022 19:12
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
مقررہ وقت سے پہلے ہی ملک بھر سے پی ٹی آئی کے کارکنان نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا جلسہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آج منعقد ہو رہا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے سے خطاب کر رہے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کا وقت سات بجے رکھا گیا تھا جبکہ مقررہ وقت سے پہلے ہی ملک بھر سے پی ٹی آئی کے کارکنان نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچنا شروع ہو گئے۔
جلسے کی سکیورٹی کے لیے سٹیڈیم کے چاروں اطراف سینکڑوں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
نشتر پارک جس میں ہاکی سٹیڈیم، قذافی سٹیڈیم، فٹ بال سٹیڈیم اور سپورٹس کمپلیکس واقع ہیں، ان کے ایک کے سوا تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
صرف فیروزپور روڈ پر واقع فیفا گیٹ سے کارکنوں کو جلسہ گاہ آنے اور جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے روایتی کارکنان اپنی پارٹی کے جھنڈے سے بنے لباس اور چہروں پر پارٹی پرچم بنائے جوق درجوق سٹیڈیم کی طرف رواں ہیں۔
تحریک انصاف نے اس جلسے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے اپنے کارکنوں کو کال دے رکھی ہے۔
پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک لاکھ کارکنوں کو سٹیڈیم میں جمع کریں گے۔
تحریک انصاف کے 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب رکھے جانے والے جلسے کے حوالے سے ایک تنازع بھی پیدا ہوا جب نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف کو میدان سے اکھاڑ دیا گیا تھا۔
اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا کہ اس جلسے کے لیے کروڑوں روپے کی آسٹرو ٹرف کو خراب کیا گیا۔ جبکہ اسی جلسے کے لیے دو ہاکی میچز کے شیڈول بھی تبدیل کیے گئے۔
اس جلسے کو رکوانے کے لیے مسلم لیگ ن نے ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی جسے رد کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ وہ ایک لاکھ کارکنوں کو سٹیڈیم میں جمع کریں گے (فوٹو: پی ٹی آئی، ٹوئٹر)
تاہم عدالت نے یہ حکم ضرور دیا کہ جلد از جلد سٹیڈیم میں آسٹرو ٹرف کو نصب کیا جائے۔
اس معاملے پر تحریک انصاف کا موقف ہے کہ آسٹرو ٹرف زائد المعیاد ہو چکی ہے اور ٹرف کا بجٹ جاری ہو چکا ہے۔ اس لیے پہلے سے موجود ٹرف کو نکال کر سرگودھا کے ہاکی گراؤنڈ میں نصب کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ چئیرمین عمران خان اس جلسے میں اپنی سیاسی حکمت عملی کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور یہ جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔
پی ٹی آئی کے کارکنان کے ملک کے دور دراز کے علاقوں سے قافلے سہ پہر کے بعد ہی لاہور میں پہنچنا شروع ہو گئے تھے جبکہ لاہوریوں کی آمد کا سلسلہ سات بجے کے بعد شروع ہوا۔
جلسے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان 10 بجے کے بعد جلسہ گاہ پہنچیں گے۔