’مسلح افراد کا کمرے میں باندھ کر نوجوان پر تشدد‘ پولیس کا کارروائی کا اعلان
جمعرات 18 اگست 2022 20:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
کچھ افراد نے دعویٰ کیا کہ ’مسلح افراد نے خاتون کو تشدد‘ کا نشانہ بنایا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ’مسلح افراد کی جانب سے کمرے میں باندھ کر ایک فرد (عورت یا مرد) کو تشدد کا نشانہ‘ بنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔
مختلف سوشل پلیٹ فارمز پر ویڈیو شیئر کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ ’یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے ضلع بہاولپور کی تحصیل یزمان میں پیش آیا ہے،‘ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ویڈیو کب کی ہے۔
ٹائم لائنز پر شیئر کیے جانے والے مناظر میں واضح ہے کہ ایک فرد کے ہاتھ باندھ کر اسے زمین پر الٹا لٹا کر رکھا گیا ہے، قریب موجود شخص پی وی سی پائپ سے اسے پیٹ رہا ہے جب کہ بستر پر آتشیں اسلحہ بھی نمایاں ہے۔
چند افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ویڈیو میں جسے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ کوئی خاتون ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے والے کچھ صارفین نے لکھا کہ ’اس طرح کے واقعات پر پولیس کارروائی نہ ہونے سے پنجاب میں فرعونیت پروان چڑھ رہی ہے۔‘
’تشدد کی ویڈیو اور اس پر سامنے آنے والے مسلسل ردعمل کے بعد پنجاب پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے اس پر کہا گیا کہ ’آئی جی پنجاب نے ڈی پی او بہاولپور کو اس افسوسناک واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔‘
پنجاب پولیس کے مطابق ’ڈی پی او بہاولپور نے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔‘