Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بُوہے باریاں ۔۔‘ چینی ٹیچر کا پنجابی گانا سوشل میڈیا پر وائرل

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ گانا دراصل پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کا ہے۔ (فائل فوٹو: چینی سنگر/فیس بک)
پاکستانی سوشل میڈیا پر اس وقت ایک چینی خاتون کی ویڈیو وائرل ہے جو ایک پاکستانی گانا گاتے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ گانا دراصل پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کا ہے جو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک چینی ٹیچر نے ’پاکستان فوڈ اینڈ کلچر فیسٹول‘ کے دوران گایا ہے۔
یہ فیسٹیول چین میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر منعقد کروایا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین کو اس گانے نے اس لیے بھی حیران کیا کیوں کہ حدیقہ کیانی کا گانا ’بُوہے باریاں‘ ایک پنجابی گانا ہے جو کہ چینی خاتون نے بہت خوبصورت تلفظ کے ساتھ گایا۔
سوشل میڈیا صارفین چین میں پاکستانی سفارت خانے اور چینی گلوکارہ وکی کو سراہ رہے ہیں۔
محمد اعظم خان نامی صارف نے لکھا ’ویل ڈن معین صاحب اور مس وکی! پاکستان کلچر کو فروغ کرنے کی کوششوں کے لیے۔ پاکستان چین دوستی زندہ باد۔‘

ڈاکٹر سالک نامی صارف کہتے ہیں کہ ’بیجنگ میں میرے 12 سالوں میں پاکستانی سفارتخانے کی ٹیم نے یوم آزادی پر بہترین کام کیا ہے۔‘

اس سے قبل بھی مختلف ایونٹس پر چینی ٹیچر حدیقہ کیانی کا یہی گانا گاچکی ہیں۔
رواں سال 26 جنوری کو پاکستان میں تیعنات چینی سفارتکار نے بھی ان کی اسی گانے کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور پوچھا تھا کہ ’آپ کو ان کی گلوکاری کیسی لگتی ہے؟‘ چینی سفارتکار کی ٹویٹ کے مطابق ان کا اصل نام ہو وئے ہے۔

شیئر: