ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی گلدستہ کی مانند ہے، حماد عابد
خالد اکرم رانا کے زیر اہتمام عشائیہ، مرزا الطاف حسین اور دیگر کی شرکت
ریاض (ذکاءاللہ محسن) سفارت خانہ پاکستان کے سابق ویلفیئر اتاشی سید حماد نے کہا کہ انہوں نے ساڑھے 5 سال سعودی عرب میں گزارے۔ اس دوران کمیونٹی کے ساتھ ایک مضبوط تعلق بنا جو آج بھی قائم ہے۔ وہ اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام مسلم لیگ ریاض کے رہنما خالد اکرم رانا نے کیا۔ سید حماد نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ ریاض کی پاکستانی کمیونٹی پہلے کی مانند ایک گلدستہ کی طرح رہتی ۔ایسی بھائی چارگی کی فضا کہیں اور دیکھنے میں نہیں آتی۔پاکستان مسلم لیگ سعودی عرب کے صدر مرزا الطاف حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ گوادر پورٹ کی تعمیر مکمل ہونے سے لاکھوں افراد کو روزگار بھی میسر آئے گا ۔حافظ عبدالوحید نے اپنے خطاب میں پیغام دیا کہ پانامہ کا فیصلہ آ چکا، اب ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ فیصلے کے باعث پاکستان کے اندر انتشار کی فضا پیدا نہیں ہوئی۔ عشائیہ میں تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ امتیاز احمد نے حاصل کی جبکہ ہدیہ نعت عابد شمعون چاند نے پڑھا۔ آخر میں ادارہ دارالسلام کی جانب سے فیصل علوی نے کتابوں کا تحفہ حماد عابد کو دیا۔