Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیلاب کی صورتحال: وزیراعظم کا سندھ میں سڑکوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز فراہمی کی ہدایت

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کارروائیوں کے سلسلے میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اخترنوازسے ٹیلی فون پر گفتگوکی۔
وزہراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک میں سیلاب متاثرین خاص طور پرصوبہ سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق گفتگو کی۔
آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔
ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حکام کو ہدایت جاری کردی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق چئیرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔

Caption

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اوربحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ایئرفورس کی امدادی کارروائیاں

دوسری جانب پاکستان کی فضائیہ کی جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی پی آر ایئر فورس کے مطابق فضائیہ کی ہنگامی امدادی ٹیمیں اپنے گھروں میں پھنسے افراد کو خوراک کی فراہمی کیلئے 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
امدادی کارروائیوں کے دوران سینکڑوںسیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔اس کے علاوہ پاک فضائیہ کی طرف سے قائم کردہ فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 چوبیس گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی بلوچستان ، بالائی سندھ، خیبرپختونخوا ، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران شمال مشرقی بلوچستان اورجنوبی پنجاب میں چند مقامات پرموسلادھار بارش کی بھی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، بالائی خیبرپختونخوا،شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب، کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقا مات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے۔

شیئر: