Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’صوبائی حکومتوں نے کارکنان کو مایوس کیا،‘ فواد چوہدری کا اشارہ کس طرف ہے؟

پی ٹی آئی کی اس وقت دو صوبوں میں حکومتیں ہیں۔ (تصویر: پی آئی ڈی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے اپنی جماعت کی صوبائی حکومتوں پر ’مایوسی‘ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’لوگوں نے ووٹ صرف وزیر بننے کے لیے نہیں دیے۔‘
منگل کو ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اپنی صوبائی حکومتوں پر واضح کردوں لوگوں نے ووٹ صرف وزیر بننے کے لیے نہیں دیے۔‘
انہوں نے صوبائی حکومتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’عمران خان کی گرفتاری کی کوشش ہو، 25 مئی کے واقعات ہوں یا شہباز گل اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری اور ٹارچر، آپ نے ورکروں کو مایوس کیا ہے۔‘
خیال رہے اس وقت پی ٹی آئی کی دو صوبوں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں حکومت قائم ہے۔ صوبہ پنجاب میں اکثریت ہونے کے باوجود پی ٹی آئی نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ سونپی ہوئی ہے۔
فواد چوہدری کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہیں اور خود عمران خان کے خلاف سینیئر پولیس افسران اور خاتون جج کو دھمکی دینے پر انسداد دہشت گردی قوانین کے تحت مقدمہ درج ہوچکا ہے۔

شیئر: