بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے پیر کو پیرس میں فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سے ملاقات کی ہے۔
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سے جاری بیان کے مطابق فرانسیسی صدر نے ایلیسی پیلس میں سرکای استقبالیہ تقریب میں بحرین کے فرمانروا کا خیر مقدم کیا۔
شاہ بحرین اور فرانسیسی صدر کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت اور مشترکہ تشویش کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بحرین کے فرمانروا نے اس موقع پر دونوں ملکوں اورعوام کے درمیان دوستی اور تعاون کے تاریخی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دنیا میں سلامتی اور استحکام کےلیے بنیادی ستون کے طور پرفرانس کے کردار پر بھی زور دیا۔
دونوں رہنماوں نے ملاقات میں پرامن سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل، دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماوں نے دنیا کو درپیش ماحولیاتی چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔