فلائی ناس کی جدہ سے تاشقند کےلیے براہ راست پروازیں
فلائی ناس سے سفر کرنے والوں کی تعداد 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے(فوٹو سبق)
سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس جمعرات 15 ستمبر سے جدہ سے تاشقند کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔
الاقتصادیہ کے مطابق فلائی ناس جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پیر اور جمعرات کو ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند اور جدہ کے لیے پروازیں شروع کررہی ہے۔
فلائی ناس نے اگست 2022 میں ازبکستان کی وزارت ٹرانسپورٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے۔
ازبکستان سے حج، عمرے اور زیارت پر آنے والوں، سرمایہ کاری اور سیاحتی پروگرام کے حوالے سے دونوں ملکوں کے شہریوں کو براہ راست پروازوں سے فائدہ ہو گا۔
یاد رہے کہ فلائی ناس نے سال رواں کے شروع میں ’مملکت سے دنیا کو جوڑیں گے‘ کا سلوگن دیا تھا۔ فلائی ناس جون 2022 تک اپنے طیاروں کی تعداد بڑھا کر 38 تک کرچکی ہے جبکہ جنوری 2021 میں طیاروں کی تعداد 25 تھی جس میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سال رواں کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران فلائی ناس سے سفر کرنے والوں کی تعداد 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔گزشتہ سال کی پہلی ششماہی تک یہ تعداد 18 لاکھ کے لگ بھگ تھی۔ مسافروں کی تعداد میں 120 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس 2007 میں قائم ہوئی تھی۔ 70 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی ایئرپورٹس کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔ اب تک 60 ملین سے زیادہ افراد فلائی ناس کی پروازوں سے سفر کرچکے ہیں۔