تلخ کلامی: آصف علی اور افغان بولر فرید احمد پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ
جمعرات 8 ستمبر 2022 20:24
دونوں کھلاڑیوں نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی بیٹر آصف علی اور افغانستان کے بولر فرید احمد کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ کردیا۔
آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق دونوں کھلاڑیوں پر دوران میچ تلخ کلامی کے واقعے کے بعد آئی سی سی کے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول 1 کی خلاف ورزی کرنے پر 25 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی کھلاڑی آصف علی نے آئی سی سی کے قوانین کے آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کی ہے جس کے مطابق انٹرنیشنل میچ کے دوران آصف علی فحش، ہتک آمیز اور جارحانہ رویہ اپنایا ہے۔
دوسری جانب افغان کھلاڑی فرید احمد نے آئی سی سی کے قوانین کے آرٹیکل 2.1.12 کی خلاف ورزی کی ہے جس کے مطابق انٹرنیشنل میچ کے دوران فرید احمد نے مخالف ٹیم کے کھلاڑی کے ساتھ جسمانی ٹکراؤ کیا ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے۔
خیال رہے ایشیا کپ کے سُپر فور کے پاکستان اور افغانستان کے میچ کے دوران 19 ویں اوور میں فرید احمد اور آصف علی کے درمیان شدید تلخ کلامی دیکھنے میں آئی تھی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں پر ایک میچ کی پابندی لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔