Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں گذشتہ 6 ماہ کے دوران 70 لاکھ سیاحوں کی آمد

رواں برس کے پہلے نصف میں لگ بھگ 70 لاکھ افراد نے دبئی کا سفر کیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی سیاحتی صنعت رواں برس 2022 کے پہلے 6 ماہ کے دوران پانچ ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یو اے ای کے نائب صدر نے اتوار کو اپنی ٹویٹ میں اس بارے میں آگاہ کیا۔
دبئی کے فرمانروا اور  متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ ’رواں برس امارات کے ہوٹلوں میں مہمانوں کی تعداد میں 42 فیصد اضافے کے ساتھ ان کی تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ ہو چکی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’موسم سرما میں سیاحت کی صنعت میں تیزی متوقع ہے۔‘
دبئی کے  معیشت و سیاحت کے شعبے کے مطابق رواں برس کے پہلے 6 ماہ کے دوران لگ بھگ 70 لاکھ افراد نے دبئی کا سفر کیا جو گذشتہ برس کے نسبت 183 فیصد اضافہ ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے دبئی سیاحت سے متعلق اپنے سال 2022 کے ہدف کے حصول کی راہ پر ہے۔
رواں برس کی پہلی ششماہی میں امارات میں سیاحوں کی اتنی ہی تعداد ریکارڈ کی گئی جو 2019 کی پہلی ششماہی میں کورونا وبا سے قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد المکتوم نے ایک بیان میں کہا کہ ’شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کے نتیجے میں دبئی کو مستقبل کا شہر اور رہنے، کام کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے دنیا کا بہترین مقام بنایا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سیاحوں کی تعداد میں اضافہ امارات کی اقتصادی شعبے میں لچک دار پالیسوں کی عکاسی کرتا ہے۔‘
شیخ حمدان نے مزید کہا کہ ’بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں تیزی سے اضافہ دبئی کو دنیا کا سب سے زیادہ پرکشش سیاحتی مقام بننے کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔‘

شیئر: