مسابقہ برائے قرآن مجید کے شرکا میں 27 لاکھ ریال کے انعامات کی تقسیم
جمعرات 22 ستمبر 2022 11:27
’اول پوزیشن حاصل کرنے والے مصری قاری بلال السید السنہوری کو 3 لاکھ 25 ہزار ریال انعام دیا گیا‘ ( فوٹو: واس)
مسجد الحرام میں منعقد کنگ عبد العزیز قرآن مجید مسابقہ ختم ہوگیا ہے جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے شرکا کو انعامات سے نوازا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اختتامی تقریب مسجد الحرام میں منعقد ہوئی جس میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے شرکت کی ہے۔
قرائت کے شعبے میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے مصری قاری بلال السید السنہوری کو 3 لاکھ 25 ہزار ریال کے انعام سے نوازا گیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب اور مسابقے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
دوسری کیٹگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے حافظ قرآن محمد عمروف ہیں جن کا تعلق کرغزستان سے ہے۔
مجموعی طور پر 15 شرکا کو انعامات سے نوازا گیا ہے اور انعامی رقومات کی مالیت 27 لاکھ ریال سے زیادہ ہے۔