Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور سینیگال میں مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کا معاہدہ 

دونوں ممالک تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کا حجم بڑھانے کی کوشش کریں گے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت فیڈریشن اور سینیگالی تجارت و صنعت و زراعت  نیشنل فیڈریشن نے مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کے لیے تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
 فریقین تجارتی اور سرمایہ کاری تعاون کا حجم بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان فروغ تجارت کے لیے مل کر کوشش کریں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور سینیگال کی وزیر امور خارجہ کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
سعودی عرب کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین نزار الحرکان اور  سینیگال کی جانب سے چیئرمین سیرین مبوب نے دستخط کیے ہیں۔ 
نزار الحرکان نے کہا کہ مشترکہ بزنس کونسل کے قیام پر دستخط دونوں ملکوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ فریقین تجارت اور سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ 
مشترکہ بزنس کونسل اقتصادی تعاون کے نئے میدان کھولے گی۔ دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں کے درمیان روابط میں آسانی پیدا کرے گی۔ رکاوٹوں اور چیلنجوں کو مل کر دور کیا جائے گا۔ سرمایہ کاری کے امکانات کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ اور کاروباری شراکت کو مضبوط کیا جائے گا۔ 
معاہدے کے مطابق مشترکہ بزنس کونسل سرمایہ کاری اور تجارت سے دلچسپی رکھنے والے سعودی اور سینیگالی سرمایہ کاروں کی نمائندہ ہوگی۔ ریاض اور ڈاکار میں میں ایک ایک اجلاس ہوں گے۔ 
یاد رہے کہ 2021 کے دوران مملکت اور سینیگال کے درمیان تجارتی لین دین کا حجم  185 ملین ریال تک پہنچ گیا ہے۔ 

شیئر: