سعودی فوٹو گرافر محمد الجریبی نے اثلب پہاڑ کی تصویر کشی کی ہے (فوٹو سبق)
سعودی فوٹو گرافر محمد الجریبی نے العلا شہر میں سعودی عرب کے اثلب پہاڑ کی تصویر کشی کرکے سیاحوں کو العلا کا رخ کرنے پر آمادہ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ ’بعض لوگ اثلب پہاڑ پر ایک نظر ڈال کر یہی سمجھتے ہیں کہ یہ صحرا میں چٹانوں کا ایک ڈھیر ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں۔‘
’اگر وہ میرے زاویے نظر سے لی گئی تصاویر کو دیکھیں گے تو اثلب پہاڑ کے حوالے سے ان کی رائے مختلف ہوجائے گی۔‘
محمدالجریبی نے کہا کہ اثلب پہاڑ بلاشبہ زمین پر چٹانوں کے ایک بڑے مجموعے سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتا لیکن جب آپ اس پہاڑ کے قریب جائیں گے آپ کو اس کے عجیب و غریب ہونے کا احساس ہوگا۔
اثلب پہاڑ کی چٹانوں میں سب سے زیادہ پرکشش وہ ایوان ہے جسے تراش کر ایک بڑے سے کمرے کی شکل دی گئی ہے۔ یہ ڈائننگ ہال جیسا بڑا سا کمرہ ہے۔۔ تاریخ میں ہے کہ یہاں سیاسی اجلاس ہوا کرتے تھے۔
سعودی فوٹو گرافر نے بتایا کہ یہ ایوان محض چوکور بیٹھک ہی نہیں جہاں لوگ جمع ہوتے ہوں بلکہ اس کا ایک امتیاز یہ ہے کہ یہاں جو گفتگو ہوتی ہے اس کی صدائے بازگشت سنی جاتی ہے۔ ایک زمانہ تھا جب لوگ یہاں بیٹھ کر موسیقی کی محافل منعقد کیا کرتے تھے۔
ایسے زمانے میں جب چٹانوں کو تراشنے کے لیے جدید ترین آلات اور وسائل نہیں تھے تو ایسے دور میں اثلب پہاڑ کی چٹانوں کو تراش کر یہ مجلس کس طرح تیار کی گئی ہوگی۔
صدائے بازگشت کی خاصیت عصر حاضر کے انجینیئرز کو حیران کیے ہوئے ہے۔
ویلکم سعودی ویب سائٹ کے مطابق اثلب پہاڑ کے مرکزی علاقے میں متعدد نقوش اور چٹانوں کو تراشے ہوئے ایسے مقامات ہیں جہاں قدیم زمانے میں مذہبی رسوم ادا کی جاتی تھیں۔
یہاں کوہستانی سلسلے میں ایک نہر بھی گزر رہی ہے۔ یہ ایک قدرتی تالاب پر جا کر ختم ہوتی ہے۔ یہاں پہاڑ کے اطراف تراشے ہوئے متعدد گوشے ہیں جن کی شکلیں عقاب اور فالکن جیسی ہیں۔
اثلب پہاڑ کے درمیان شگاف بھی دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے یہ قدرتی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں