ہدایت کاری کی خواہش تھی مگر ہمت نہیں تھی: رتیش دیش مکھ
اتوار 9 اکتوبر 2022 18:01
رتیش کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر میں مراٹھی فلم کو کافی مقابلہ کرنا پڑے گا (فوٹو: زی نیوز)
بالی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے کہا ہے کہ وہ کافی عرصے سے فلم ڈائریکشن کی طرف آنا چاہتے تھے لیکن ان کی ہمت نہیں پڑ رہی تھی۔
تاہم اب وہ اپنے فلمی کیریئر میں پہلی مرتبہ ایک مراٹھی فلم ’وید‘ کی ہدایت کاری کے لیے کیمرے کے پیچھے نشست سنبھالیں گے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق رتیش کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر کی ریاست میں مراٹھی فلم کو کافی مقابلہ کرنا پڑے گا کیونکہ لوگوں کی پہلی ترجیح ہندی فلم ہوتی ہے۔
’مسئلہ یہ ہے کہ ہم دوسری یا تیسری ترجیح سے برابری کی سطح پر کیسے آئیں۔ ہمیں دیکھنا ہے لوگوں کو کیسے کھینچیں۔ مہاراشٹر کی 12 کروڑ آبادی ہے اور مجھے یقین ہے کہ قریب 10 کروڑ مراٹھی بولنے والے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ کچھ فلمیں بنیادی سطح تک پہنچیں جن میں ’سایرت، لائی بھاری اور نیٹ سامرت شامل تھیں۔ لیکن ہمیں ہر سال اس طرح کی دو فلموں کی ضرورت ہے۔‘
حال ہی میں رتیش نے ڈیجیٹل دنیا میں ’پلان اے پلان بی‘ میں ڈیبیو کیا ہے جس میں ان کی کو سٹار تمنا بھاٹیا ہیں۔
رتیش نے کہا کہ وہ ڈیجیٹل میڈیم میں دلچسپی رکھتے تھے اور ’پلان اے پلان بی‘ سے ان کا یہ خواب پورا ہو گیا ہے۔
’ایک وقت تھا جب ہر طرف کورونا پھیلا ہوا تھا اور میں ڈیجیٹل میڈیم کے لیے کوشش کر رہا تھا لیکن اس وقت کچھ نہ ہو سکا۔‘
’مجھے ہر دوسرے روز یو پی کے گینگسٹر کا رول آفر ہوتا تھا اور اس فلم سے مجھے 10 برس بعد رومینٹک کامیڈی کا موقع ملا۔‘