امریکی صدر نے پاکستان سے متعلق نئی بات نہیں کی: وائٹ ہاؤس
اتوار 16 اکتوبر 2022 7:50
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہا کہ کہ امریکی صدر محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے امریکی صدر کے بیان پر کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان سے متعلق کوئی نئی بات نہیں کی۔
جمعے کو ایک پریس بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین ژاں پیئر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر جو بائیڈن نے اس سے قبل بھی ایسے تبصرے کر چکے ہیں۔ لہٰذا اس میں کوئی نہیں بات نہیں۔
’وہ سمجھتے ہیں کہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔‘
امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی کی ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پاکستان دنیا کے خطرناک ترین ملکوں میں سے ایک ہے جس کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔‘
ان کے بیان پر پاکستان کی حکومت نے شدید احتجاج کیا اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ ’(امریکی صدر کے) غیر ضروری ریمارکس پر پاکستان کی مایوسی اور تشویش سے امریکی سفیر کو آگاہ کیا گیا۔ یہ بیان زمینی حقائق پر مبنی نہیں تھا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے۔