لبنانی ڈانس گروپ 'مایاس' کی دبئی میں شاندار پرفارمنس
لبنانی ڈانس گروپ 'مایاس' کی دبئی میں شاندار پرفارمنس
ہفتہ 22 اکتوبر 2022 22:48
ڈانس گروپ نے امریکہ میں ' امریکن گوٹ ٹیلنٹ' کا 17 واں سیزن بھی جیتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
لبنانی ڈانس گروپ 'مایاس' نے گذشتہ روز دبئی کے پام جمیرہ میں دی پوائنٹ فاونٹین کے قریب اپنی شاندار پرفارمنس سے مداحوں کو حیران و ششدر کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق لبنان کے اس معروف ڈانس گروپ نے گذشتہ دنوں امریکہ کے ایک پروگرام میں 'امریکن گوٹ ٹیلنٹ' کے 17 ویں سیزن کا گرینڈ پرائز جیتا ہے۔
اس لبنانی طائفے نے امریکہ میں سیزن جیتنے کے بعد پہلی بار لبنان سے باہر کسی عرب علاقے میں عام لوگوں کے سامنے سٹیج پر دو مختلف قسم کی دھنوں پر منفرد انداز سے رقص پیش کئے ہیں۔
پہلی پرفارمنس میں ڈانس گروپ نے موتیوں سے بھرا خاص اور دیدہ زیب لباس پہنا جس کے ساتھ گروپ نے امریکہ میں گوٹ ٹیلنٹ ہنٹ شو پرفارمنس کی اور اس سٹیج شو میں کولمبیا کی اداکارہ اور مقابلے کی جج صوفیہ ورگارا نے گولڈن بزر بجا کر اس گروپ کو شاندار پرفارمنس پر انعام کا حقدار ٹھہرایا تھا۔
دوسری پرفارمنس کے لیے یہ ڈانس گروپ چمڑے کی کالے رنگ کے بیلٹ کے ساتھ سرخ رنگ کے لباس میں سٹیج پر نمودار ہوا اور بالی ووڈ کی دھن پر رقص پیش کیا جسے حاضرین نے سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔
سٹیج شو کے بعد لبنان کے اس ڈانس گروپ کے بانی اور کوریوگرافر ندیم شیرفان نے سٹیج پر آ کر دبئی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو دوبارہ جلد ملنے کی امید کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ لبنان کے اس ڈانس گروپ نے گذشتہ ماہ امریکہ کے معروف سٹیج شو امریکن گوٹ ٹیلنٹ میں اپنی شاندار پرفارمنس کے باعث ایک ملین ڈالر کا گرینڈ پرائز جیت لیا تھا۔