اسرائیلی انتخابات، ابتدائی نتائج میں نتن یاہو کو معمولی برتری حاصل
نتن یاہو کی جماعت کی جانب سے 30 نشستیں جیتنے کی توقع ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل میں منگل کو ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق سابق وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کی جماعت کو دیگر کے مقابلے میں معمولی برتری حاصل ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سرکاری نتائج آنے تک صورتحال زیادہ واضح ہو جائے گی تاہم اس وقت سابق وزیراعظم کی جماعت آگے ہے۔
سیاسی اعتبار سے بہت زیادہ تقسیم کے شکار اسرائیل میں گزشتہ چار برس میں یہ پانچویں الیکشن ہیں۔
سابق وزیراعظم بنیامین نتن یاہو دائیں بازو کے پرانے سیاست دانوں میں سے ایک ہیں۔
اسرائیل کے تین مختلف نیوز نیٹ ورکس کے مطابق نتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نتائج میں سب سے آگے ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 30 نشستیں جیت جائے گی۔
اسرائیل کی پارلیمان کی کُل نشستوں کی تعداد 120 ہے۔
نتن یاہو کی جماعت کی ہم خیال پارٹیوں کی نشستوں کو ملا کر توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ اتحاد پارلیمان کی 62 نشستیں جیت جائے گا۔
تاہم گزشتہ انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج میں ڈرامائی تبدیلی سے دیگر جماعتوں نے معمولی برتری حاصل کر کے حکومت بنا لی تھی۔
نگران وزیراعظم یائر لاپڈ کی جماعت توقعات کے مطابق 23 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق نتن یاہو کا مخالف اتحاد پارلیمان میں برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
نتن یاہو 12 برس تک اسرائیل کے وزیراعظم رہ چکے ہیں اور اُن کے اقتدار کا خاتمہ گزشتہ برس جون میں آٹھ جماعتی اتحاد نے کیا تھا جب اُن کی جماعت اور اتحادیوں کو پارلیمان میں ایک ووٹ سے شکست ہو گئی تھی اور نفتالی بینیٹ وزیراعظم بن گئے تھے۔