رام اللہ .... یونیسکو نے مقبوضہ فلسطین اورثقافتی و تعلیمی ادارو ں کے بارے میں2 قراردادیں منظور کرلیں۔20ممالک نے قراردادوں کے حق میں جبکہ 10نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔23ممالک غیر حاضر رہے۔ فلسطینی وزیر خارجہ ریاض مالکی نے نتائج کا خیر مقدم کیا ہے اور ان ملکوں کا شکریہ ادا کیا جنہوںنے قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ یونیسکو میں اسرائیل کی جانب سے ان قراردادو ں کو جان بوجھ کر ناکام بنانے کی اسرائیلی کوششوں کے باوجو د دنیا نے ہماری قراردادو ںکے حق میں ووٹ دیا اور وہ ناانصافی اور اسرائیلی قبضے ا ور غیر قانونی پالیسیوں کے سامنے اٹھ کھڑے ہوئے۔ انہوں نے اس امر کی جانب اشارہ کیا کہ اسرائیل نے قرارداد کے مسودوں کے خلاف بڑی مہم چلائی تھی جو ناکام ہوگئی۔ ان قراردادوں میں مقبوضہ بیت المقدس کے تاریخی، ثقافتی اور وراثتی پہلووں کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا کہ یونیسکو کا ایک نمائندہ مستقل طور پر مقبوضہ بیت المقدس میں موجود رہے اور وہ اس شہر کو اسرائیل کی جانب سے یہودی شکل دینے کی کوششوں کو مانیٹر کرے۔ انہوں نے دنیا بھر کی حکومتو ں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ یونیسکو کے کام کو سیاست زدہ کریں اور نہ اسرائیل کی قابض قوت کی حوصلہ افزائی کریں۔