’سونی‘ آئندہ سال سے پلاسٹک کی پیکیجنگ ختم کر دے گا
سونی نے کاروباری سرگرمیوں کے دوران ’صفر ماحولیاتی اثرات‘ کو ہدف بنایا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
معروف الیکٹرانک کمپنی سونی آئندہ سال سے چھوٹی الیکٹرانک مصنوعات جیسے کہ سمارٹ فونز اور کیمروں کے لیے پلاسٹک کی پیکجنگ کو مرحلہ وار ختم کرنا شروع کر دے گی۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ اپریل سے پلاسٹک کی پیکیجنگ ایک کلوگرام (2.2 پاؤنڈ) یا اس سے کم وزن کی کچھ نئی مصنوعات کے لیے استعمال نہیں کی جائے گی۔
ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ جاپانی کمپنی 2025 تک نئے ڈیزائن کردہ چھوٹے سامان کے تمام کنٹینرز سے مواد کو ختم کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سونی بالآخر ٹیلی ویژن جیسی بڑی مصنوعات کے لیے پلاسٹک کی پیکیجنگ کو ختم کرنا چاہتی ہے تاہم ابھی تک کوئی مخصوص ٹائم فریم طے نہیں کیا گیا ہے۔
سونی نے ایک طویل المدتی عالمی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس میں سال 2050 تک اپنی مصنوعات اور کاروباری سرگرمیوں کے دوران ’صفر ماحولیاتی اثرات‘ کو ہدف بنایا گیا ہے۔