Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ کے زائرین کے لیے سعودی حکومت کی جانب سے سہولتوں کا نیا پیکیج

کوئی بھی پیکیج لے کر عمرہ ویزہ  جاری کرایا جاسکتا ہے۔ (فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی حکومت نے ترکیہ کے شہریوں کے لیے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ کی زیارت بے حد آسان کردی۔ ان کے لیے سہولتوں کا پیکیج جاری کردیا۔ مملکت کے ویزے کے  لیے کئی آسانیاں فراہم کردی گئیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی محکمہ سیاحت نے استنبول شہر میں سپیشل تعارفی پروگرام منعقد کیا جس میں ترکیہ کے شہریوں کو سیاحتی ویزے پر مملکت آنے کی سہولت کا اعلان کیا گیا۔ اس کے تحت ترکیہ کے شہری اپنے یہاں سعودی سفارتخانے یا قونصل خانے  سے سیاحتی ویزے پر مقدس شہروں کی زیارت کے لیے مملکت آسکیں گے۔ علاوہ ازیں ترکیہ میں رجسٹرڈ  ٹریولنگ ایجنسیوں کے ذریعے سعودی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے توسط سے  48 گھنٹے کے اندر ویزہ جاری کراسکتے ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ سے 48 گھنٹے میں ویزہ جاری ہوسکتا ہے۔ (فوٹو سبق)

سعودی حکومت نے امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین میں شامل ممالک میں مقیم ترکیہ کے شہریوں کے لیے جدہ، مدینہ منورہ، ریاض اور دمام ہوائی اڈوں پر پہنچنے کے بعد ویزہ جاری کرانے کی سہولت بھی دی ہے۔ یہ سہولت امریکہ، برطانیہ اور شنگن ویزہ رکھنے والے ترکوں کو بھی حاصل ہوگی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ سعودی محکمہ سیاحت کی شراکت سے ترکیہ کے شہریوں کو نسک پلیٹ فارم کے ذریعے بھی ویزہ حاصل کرنے کی سہولت مہیا کیے ہوئے ہے۔ ترکیہ کے زائرین Visa.mofa.gov.sa پر مذکور کوئی بھی پیکیج لے کر عمرہ ویزہ  جاری کراسکتے ہیں۔
’نسک‘ کے نگران اعلی فہد حمید الدین نے کہا کہ استنبول میں تعارفی پروگرام کے خوشگوار نتائج برآمد ہوئے۔ 50 سے زیادہ سیاحتی ایجنسیاں اس میں شریک ہوئیں۔ علاوہ ازیں متعدد سرکاری اداروں نے بھی اپنے سٹال لگائے تھے۔ سیاحتی کمپنیوں و ایجنسیوں اور ہوٹل چلانے والی  بڑی کمپنیاں بھی تعارفی پروگرام میں شریک رہیں۔
اس موقع پر ترکیہ کی بڑی ٹریولنگ ایجنسیوں کے ساتھ متعدد سٹراٹیجک معاہدے بھی طے پائے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: