ریاض اور عسیر ریجن میں منشیات سمگلنگ کی دو کوششیں ناکام، غیر ملکی گرفتار
قانونی کارروائی کے بعد ملزمان کو متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ( فائل فوٹو سبق)
سعودی عرب میں حکام نے ریاض اورعسیر ریجن میں منشیات سمگلنگ کی دو کوششیں ناکام بنائی ہیں
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق محکمہ انسداد منشیات نے ریاض ریجن میں پاکستانی شہری کو گرفتار کرکے 5 کلو گرام نشہ آور مادہ برآمد کیا ہے۔ ملزم کو قانونی کارروائی کرکے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں عسیر ریجن میں سرحدی محافظوں نے 2 ایتھوپین کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 100 کلو گرام حشیش برآمد کی ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سرحدی محافظوں نے بتایا کہ ایتھوپین دراندازی کرکے مملکت میں داخل ہوئے تھے انہیں عسیر ریجن کے ظہران الجنوب سیکٹر میں گرفتار کیا گیا۔
سرحدی محافظوں کا کہنا ہے کہ ایتھوپین کو ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کرکے ضبط شدہ حشیش سمیت متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے کہ سرحدی محافظوں نے گزشتہ روز نجران ریجن میں21 کلو گرام حشیش سمگل کرنے کی کئی کوششیں ناکام بنائی تھی۔