Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومکارا اور دیسی بوائز 2 کا اعلان، ’براہ مہربانی ریمیک مت بنائیں‘

2011 میں ہی ریلیز ہونے والی فلم دیسی بوائز فلاپ رہی تھی (فوٹو: ایروس)
بالی وُڈ کے پروڈیوسر آنند پنڈت نے 2006 اور 2011 میں ریلیز ہونے والی دو فلموں ’اومکارا‘ اور ’دیسی بوائز‘ کے ریمیک کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پروڈیوسر آنند پنڈت نے دونوں فلموں کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’اومکارا کا ریمیک اور دیسی بوائز کے سیکوئل کا اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے، پاگل بن کی حد تک تفریح لینے کے لیے اپنے آپ کو تیار کرلیں۔‘
’اومکارا‘ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم تھی جس کی کاسٹ میں سیف علی خان، اجے دیوگن، ویویک اوبرائے، کرینہ کپور اور بپاشا باسو شامل تھیں۔
ہدایتکار وشال بھردواج کی یہ فلم باکس آفس پر تو ناکام رہی تھی، لیکن اپنی کہانی اور کرداروں کے باعث یہ فلم ابھی تک ناقدین اور مداحوں کو پسند ہے۔
دوسری جانب 2011 میں ہی ریلیز ہونے والی فلم ’دیسی بوائز‘ بھی فلاپ ہی رہی تھی، لیکن یہ اپنے گانوں اور مزاحیہ کہانی کے باعث آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔
روہت دھون کی ہدایتک اری میں بننے والی اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں اکشے کمار، جان ابراہم، چترانگدا سنگھ اور دیپکا پاڈوکون نے کام کیا تھا۔
’اومکارا‘ کے ریمیک اور ’دیسی بوائز‘ کے سیکوئل کے اعلان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے ناراضی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
وشیش کُول نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اومکارا کو کسی ریمیک کی ضرورت نہیں ہے اور دیسی بوائز کو کوئی سیکوئل درکار نہیں ہے، میں دعا کرتا ہوں یہ دونوں منصوبے بنیں ہی نہ۔‘
صحافی نِیتی رائے نے ٹویٹ کیا کہ ’اومکارا کا ریمیک؟ سچ میں؟ ایک فلم جو 2006 میں ریلیز ہوئی، ایک فلم جو اداکاری، موسیقی اورشاندار ہدایتکاری کے باعث جانی جاتی ہے، اس کا ریمیک؟ کیوں؟ کیسے؟ سچ میں؟‘
شِلادتیا بورا نے کہا کہ ’براہ مہربانی اومکارا کا ریمیک مت بنائیں۔‘
جیکس کہتے ہیں کہ ’مسئلہ یہ ہے کہ بالی وُڈ میں کوئی اصلی مواد نہیں ہے، یہ تو ریمیک ہیں یا پھر سیکوئل ہیں، سکرپٹ لکھنے والے کہاں چلے گئے ہیں؟ اور پھر یہ پوچھا جاتا ہے کہ فلم کیوں نہیں چلی۔‘

شیئر: