گزشتہ پیر فلوجہ میں مسلح حملے میں آٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔ فوٹو عرب نیوز
عراق کے شمالی علاقے مخمور میں جمعرات کو ہونے والے ایک دھماکے میں دو فوجی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک روز قبل یہ فوجی ایک مخمور ضلع میں گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے یہ حادثہ ہو گیا۔
حالیہ دنوں میں اسی طرح کے حادثات کے سلسلے میں یہ افسوسناک واقعہ تھا تاہم فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کو عراق کے شہر فلوجہ کے شمال مغرب میں البو بالی گاؤں پر مسلح افراد کے حملے میں آٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
علاوہ ازیں گزشتہ اتوار کو شمالی عراق کے صوبہ کرکوک کے ضلع ریاض کے گاؤں علی السلطان میں گشت پر موجود عراق کی وفاقی پولیس فورس کے کم از کم نو ارکان دھماکہ خیز مواد کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے تھے۔
اس بم حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی تاہم بتایا جاتا ہے کہ داعش تنظیم کے عسکریت پسند اس علاقے میں سرگرم ہیں۔
عراقی حکام نے پانچ سال قبل شدت پسند گروپ پر فتح کا اعلان کیا تھا لیکن اس گروپ نے ایک بار پھرمختلف نوعیت کے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔
سرکاری بیان کے مطابق بدھ کو عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے ’دہشت گردانہ حملوں‘ اورعراقی فوج کے جواب پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے سکیورٹی حکام کا اجلاس بلایا تھا۔