سعودی وزیر خارجہ سے بلاول بھٹو کا رابطہ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
مشترکہ تشویش کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو اے پی پی)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پیر کو ان کے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’رابطے کے دوران سعودی عرب اور پاکستان کے مضبوط تعلقات، ان کی سپورٹ اور انہیں فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔‘
دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ تشویش کے اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل اور اس حوالے سے مشترکہ کوششوں کوتیز کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جس سے عالمی امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال نومبر میں پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔
دورے کے دوران سعودیہ، پاکستانی اعلی رابطہ کونسل کے تحت سیاسی و سکیورٹی کمیٹی کے پہلے اجلاس کی صدارت دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر کی تھی۔
اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلی رابطہ کونسل کے تحت سیاسی و سلامتی سے متعلق وزارتی کمیٹی کے پہلے اجلاس کے منٹس پر دستخط کیے گئے تھے۔