Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرد موسم، اسلام آباد کے نجی سکولوں کی چُھٹیوں میں اضافہ

اب نجی سکول 31 دسمبر کے بجائے سات جنوری کو کھلیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
شدید سردی کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں سات جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ سرکاری تعلیمی اداروں بھی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
پرائیویٹ ایجوکیشنل ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی جاب سے جمعرات کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں شدید سردی کے باعث موسم سرما کی چھٹیاں کو 26 سے 31 دسمبر 2022 تک تھیں اب یہ سات جنوری 2023 تک ہوں گی۔
’سرکاری احکامات کی روشنی میں وفاقی دارالحکومت میں موجود تمام نجی تعلیمی ادارے اب آٹھ جنوری کو کھلیں گے۔‘
تمام نجی تعلیمی اداروں کو نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پیرا کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سکول بند رکھنے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کیا گیا ہے اور ہمارا دائرہ اختیار نجی تعلیمی اداروں تک ہے تو ہم نے ان سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔‘
دوسری جانب فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’یہ اطلاع تو ملی ہے کہ حکومتی سطح پر چھٹیوں میں سات جنوری تک توسیع کی جا رہی ہے تاہم ہمارے پاس ابھی تک کوئی تحریری حکم نہیں آیا۔ اگر ایسا کوئی حکم موصول ہوا تو نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔‘
اسی طرح پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے نجی سکولوں میں چھٹیوں کے فیصلے کر مسترد کرتے ہوئے اسے ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو میں پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عبید نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سرکاری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا لیکن نجی سکولوں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اس فیصلے کو نہیں مانتے۔‘

شیئر: