سعودی ایجنسی نے لبنان اور یمن میں امدادی سرگرمیاں تیز کردیں
سعودی ایجنسی نے لبنان اور یمن میں امدادی سرگرمیاں تیز کردیں
اتوار 1 جنوری 2023 20:00
یمن میں ایک ہفتے کے دوران پانچ ہزار 610 مریضوں کو علاج فراہم کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے لبنان اور یمن میں صحت اور موسم سرما کے ملبوسات کے منصوبوں کو تیز کردیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات لبنان میں واؤچرز تقسیم کر رہا ہے جس کے ساتھ منظور شدہ دکانوں سے ضرورت مند خاندانوں اور وسطی بیکا ریجن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کو موسم سرما کے کپڑے خریدے جا رہے ہیں جس سے ایک ہزار 794 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
یہ واؤچرز شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے کناف پروجیکٹ کا حصہ ہیں جو لبنان میں زکوٰۃ فنڈ کے تعاون سے نافذ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے ایک بیان میں کہا کہ اس کی حمایت یافتہ ایمبولینس سروس نے شمالی لبنان میں ایک ہفتے میں 39 ہنگامی مشن انجام دیے ہیں۔
یمن کے حجتہ گورنریٹ میں الجدہ ہیلتھ سینٹر کے آؤٹ لیٹس نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تعاون سے ایک ہفتے میں پانچ ہزار 610 مریضوں کو علاج فراہم کیا جس میں ہنگامی علاج، وبائی امراض کے کلینکس اور تعلیم اور آگاہی کے کلینک شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے مصنوعی اعضا اور بحالی مرکز نے یمن کی تعز گورنریٹ میں ایک ماہ میں 529 مستفید افراد کو ایک ہزار 917 خدمات فراہم کیں جن میں 172 مریضوں کے لیے مصنوعی اعضا کی تیاری، فٹنگ، ترسیل اور دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ دیگر 357 مریضوں کے لیے جسمانی تھراپی اور مشاورتی سیشن شامل ہیں۔
یہ خدمات یمن کے صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے ذریعے مملکت کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر6 بلین ڈالرکی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔