محبوبہ مفتی نے القرآن اور السنتہ چینل بند کردیئے
نئی دہلی .... ہندوستان کے زیر قبضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سعودی عرب اور پاکستان کے 34 ٹی وی چینلز پر بندش کا فرمان جاری کردیا۔ محبوبہ مفتی کا کہناہے کہ ان چینلز سے تشدد کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اورمتنازعہ علاقے میں قانون کو معطل کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ انڈین ایکسپریس نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ کشمیر کی وزیراعلیٰ نے مذکورہ فرمان حکومت ہند کی جانب سے اپنے یہاں سعودی عرب اور پاکستان کے غیر اجازت یافتہ چینلز پر فوری بندش عائدکرنے کی ہدایت کے بعد جاری کیا ہے۔ ہندوستانی سیکریٹری داخلہ آر گوئل نے ہدایت دی تھی کہ کیبل چلانے والے ایسے ٹی وی چینلز کے پروگرام اپنے ناظرین کو پیش کرنے سے اجتناب برتیں جن کے پروگرام ہندوستانی حکومت اور وزارت اطلاعات و نشریات پیش کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔ اس پابندی سے 34ٹی وی چینلز متاثر ہونگے ان میں السلام اردو ، انگریزی چینل،سعودی عرب کا السنتہ اور القرآن الکریم چینل شامل ہیں۔