کتے کی گمشدگی پر مصری شہری غمزدہ
سوشل میڈیا صارفین اپنے تبصروں میں اس شخص کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
مصر کے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں ایک شخص کو پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
’العربیہ نیٹ‘ کے مطابق یہ شخص اپنی ویڈیو میں اس نامعلوم شخص سے مخاطب ہے جس نے اس کی کُتیا چرائی ہے۔ یہ شخص جانور واپس لوٹانے کی درخواست کر رہا ہے۔
یہ ویڈیو جمعرات سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں اس شخص جو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ عام سی گلی میں پھرنے والی کُتیا ہے جو کہ بیمار ہے۔ یہ پیغام آپ کے لیے ہے۔ آپ سمجھ نہیں سکتے کہ اس کے کھو جانے پر میرا دل کیسے جل رہا ہے۔‘
اسی ویڈیو میں آگے چل کر وہ شخص چور کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہتا ہے کہ ’مجھے آپ سے امید ہے کہ آپ مجھے کُتیا واپس کر دیں گے۔ آپ کسی بھی طرح یہ مجھے واپس کریں، یقین کریں میں آپ کو معاف کر دوں گا۔‘
’اس کے لیے آپ مجھ سے جو بھی کہیں گے، وہ میں کروں گا۔‘
وہ مزید کہتا ہے ’خدا کی قسم تم نے میرے دل کو جَلا دیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اگر میری یہ بات آپ تک پہنچی تو آپ میرا جانور واپس کر دیں گے۔ جو بھی مجھے میری کُتیا واپس کرے گا اسے منہ مانگا معاوضہ دوں گا۔‘
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ توجہ حاصل کر رہی ہے۔
صارفین جہاں اس جانور کے مالک سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، وہیں چور سے مطالبہ بھی کر رہے کہ وہ کُتیا واپس کرے۔