سعودی عرب کے قانون شہریت میں نئی ترمیم کیا ہے؟
سعودی شہریت وزیر داخلہ کی تجویز پر وزیراعظم کے حکم پر دی جائے گی(فوٹو اخبار 24)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی قانون شہریت میں ترمیم کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔
اخبار24 اورعکاظ کے مطابق قانون شہریت کی دفعہ 8 میں ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیم کے مطابق سعودی شہریت وزیر داخلہ کی تجویز پرسعودی وزیراعظم کے حکم پر دی جائے گی۔
سعودی قانون شہریت کی دفعہ 8 کے پیرا گراف میں ترمیم سے قبل کہا گیا تھا کہ ’سعودی شہریت مملکت میں غیرملکی باپ اور سعودی ماں کی اولاد کو مقررہ شرائط پوری کرنے پر وزیر داخلہ کے حکم سے دی جاسکتی ہے‘۔
ترمیم کے بعد وزیر داخلہ کے بجائے شہریت دینے کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے تاہم وزیر داخلہ کی جانب سے اس کی سفارش کی جائے گی۔
سعودی ماں اور غیرملکی باپ کے ان بچوں کو سعودی عرب کی شہریت دی جائے گی جو شرائط پوری کریں۔
شرائط میں کہا گیا کہ ’پیدائش کے بعد سے سن بلوغت تک مملکت میں مستقل قیام پذیر ہوں، اچھے کردار کے مالک ہوں، بہترین عربی زبان جانتے ہوں اور شہریت کی درخواست سن بلوغت کو پہنچنے کے اگلے سال پیش کریں‘۔