پیٹرول سستا، دبئی میں ٹیکسی کے کرایوں میں کمی کا اعلان
پیٹرول نرخوں میں کمی کی وجہ سے ٹیکسیوں کے کرایوں میں کمی کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کےعہدیدار عادل شاکری نے کہا ہے کہ دبئی میں ٹیکسیوں کے کرایے کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ فیصلہ پیٹرول کے نرخوں میں کمی کو مدنظر رکھ کر کیا گیا۔
الامارات الیوم کے مطابق شاکری کا کہنا ہے کہ روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی فیول اور ٹرانسپورٹ کی لاگت کو مدنظر رکھ کر ٹیکسیوں کے کرایوں میں کمی بیشی کی جاتی ہے۔
شاکری نے توجہ دلائی کہ ٹیکسی میں ان دنوں ایک کلو میٹر کا کرایہ 2 درھم 19 فلس ہے۔ یہ کم ہو کر ایک درہم 97 فلس ہو گیا ہے۔
شاکری نے کہا کہ اتھارٹی سواریوں کی ضروریات اور ان کے مطالبات کا ہمیشہ دھیان رکھتی ہے۔ ہر دو ماہ بعد ٹیکسیوں کیے کرایوں پر نظرثانی کی جاتی ہے۔
شاکری نے کہا کہ آئندہ مرحلے کے دوران بھی مقررہ نظام الاوقات کے مطابق ٹیکسیوں کے کرایوں پر نظرثانی کی جاتی رہے گی۔ اس سلسلے میں فیول کے نرخ اور سواریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھا جاتا رہا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔