خوشدل شاہ کی دھواں دھار بیٹنگ، رواں سال بی پی ایل کی تیز ترین ففٹی بنا ڈالی
جمعرات 19 جنوری 2023 16:15
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
خوشدل شاہ کی ففٹی اننگز کی بدولت ان کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے بیٹر خوشدل شاہ نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں سال کے سیزن کی سب سے تیز ففٹی بنا ڈالی ہے۔
جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں ڈھاکا ڈومینیٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کی جس کے بعد کومیلا وکٹورینز نے کی جانب سے خوشدل شاہ نے 64، محمد رضوان نے 55 رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 184 رنز تک پہنچا دیا۔
185 رنز کے ہدف کے جواب میں ڈھاکا ڈومینیٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز ہی بنا سکی یوں وکٹورینز نے 33 رنز سے فتح حاصل کر لی۔
خوشدل شاہ نے اپنی جارحانہ اننگز کے دوران پانچ چھکے اور سات چوکے لگاتے ہوئے 24 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی ففٹی 18 گیندوں پر پوری کی جو کہ رواں سیزن کی سب سے تیز ففٹی ہے۔
اس میچ میں پانچ پاکستانی کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں محمد رضوان، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد عمران اور احمد شہزاد شامل تھے۔
بی پی ایل کی تاریخ میں سب سے تیز ففٹی بنانے کا ریکارڈ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر سنیل نارائن کے پاس ہے۔
سنیل نارائن نے بھی کومیلا وکٹورینز کی ہی نمائندگی کرتے ہوئے گزشتہ سیزن میں 13 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔
کرکٹ فینز نے رواں سیزن کی تیز ترین ففٹی کو موضوع بنایا تو خوشدل شال کی کارکردگی کو خوب سراہا۔
زوبیا ذوالفقار نے لکھا کہ ’خوشدل شاہ نے تو آج آگ لگا دی۔‘

حمزہ خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 'لڑکا مشن پر ہے، خوشدل شاہ۔'

محمد آفاق نے تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ 'جب یہ بندہ سکور کرتا ہے تو ایسے لگتا ہے میری ذاتی کامیابی ہے، 18 گیندوں پر 51، مزید آگے جانا ہے لڑکے۔'

محمد سہیل نے تبصرہ کیا کہ 'خوشدل شاہ نہ ایک بار پھر دل خوش کر دیا۔'

خوشدل شاہ اور محمد رضوان کی میچ وننگ کارکردگی نے کومیلا وکٹورینز کو قیمتی پوائنٹس دلوائے۔