Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام میں قید 19 خواتین اور بچے واپس لانے پر کینیڈا کا اتفاق

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 30 کے قریب کینیڈین شامی کیمپوں میں موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
کینیڈا  نے اعلان کیا ہے کہ شمال مشرقی شام میں زیر حراست چھ خواتین اور 13 چھوٹے بچوں کو  داعش گروپ کے جنگجوؤں کے خاندان کے افراد کے کیمپوں سے واپس لایا جائے گا۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے چارٹر آف رائٹس اینڈ فریڈمز کے تحت عدالت نے کینیڈا کو شام کے کیمپوں میں موجود خاندانوں کو واپس لانے کا پابند کیاہے۔
گزشتہ روز جمعہ کو کینیڈا کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں کی واپسی کی درخواست پر کیس کے  باہمی طور پر قابل قبول حل پر پہنچ گئے ہیں۔
اس معاہدے نے 19 کینیڈین خواتین اور بچوں کی واپسی کا معاملہ حل کر دیا ہے لیکن چار مردوں کا معاملہ ابھی باقی ہے جو اسی مقدے کے تحت وطن واپسی کے خواہش مند ہیں۔
وزارت خارجہ نے گلوبل افیئرز کینیڈا تنظیم کو کہا ہے کہ کینیڈین شہریوں کی حفاظت  ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ کینیڈا 2021 میں اپنائے گئے پالیسی فریم ورک کے مطابق وطن واپسی سمیت کیس کی بنیاد پر غیر معمولی امداد کی فراہمی کا جائزہ لے رہا ہے۔
اب تک جسٹن ٹروڈو کی حکومت نے  داعش کی زیر حراست خاندانوں کے ساتھ ہر معاملے پر اس کی بنیاد پر الگ الگ غور کیا ہے  تاہم گزشتہ چار سال میں صرف چند خواتین اور بچوں کو  ہی واپس  لایا گیا ہے۔
 

گزشتہ اکتوبر شام سے دوخواتین اور دو بچوں کو کینیڈا لایا گیا تھا۔ فوٹو عرب نیوز

ہیومن رائٹس واچ کے مطابق 2019 میں شام اور عراق میں داعش کے خاتمے کے بعد سے 42 ہزار 400  سے زائد غیر ملکی افراد اور بچوں کو  داعش سے مبینہ تعلق کی بنا پر شام کے کیمپوں میں رکھا گیا ہے۔
ان گرفتار خاندانوں کی وطن واپسی بہت سے ممالک کے لیے انتہائی حساس مسئلہ ہے لیکن انسانی حقوق کے گروپوں نے کردوں کی  زیر نگرانی شامی کیمپوں سے اپنے شہریوں کو واپس لانے میں ہچکچاہٹ کی مذمت کی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے واضح کیا ہے کہ 10 شیر خوار بچوں سمیت 30 کے قریب کینیڈین شہری ان شامی کیمپوں میں موجود ہیں۔

42 ہزار سے زائد غیر ملکی داعش سے مبینہ تعلق کی بنا پر کیمپوں میں ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

کینیڈا میں گروپ کی سربراہ فریدہ ڈیف نے کہا کہ گلوبل افیئرز کینیڈا نے ان میں سے متعدد کو خط کے ذریعے مطلع کیا ہے کہ وہ وطن واپسی کی شرائط پوری کرتے ہیں۔
تاہم بتایا گیا ہے کہ مرد حضرات میں سے کسی کو بھی ابھی تک اس بارے میں مطلع نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہ کسی معاہدے کا حصہ ہیں۔
حکام نے یہ نہیں بتایا کہ 19 کب کینیڈا آئیں گے یا ان میں سے کسی کو داعش کے ساتھ وابستگی کے لیے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گزشتہ اکتوبر میں کینیڈا شام سے دو خواتین اور دو بچوں کو واپس لایا تھا۔

شیئر: