ڈاکٹر الربیعہ سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کمشنر جنرل کی ملاقات
ڈاکٹر الربیعہ سے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کمشنر جنرل کی ملاقات
پیر 30 جنوری 2023 22:12
ملاقات میں تعاون کو بڑھانے کے طریقوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے سپروائزر جنرل نے مشرق وسطی میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے کمشنر جنرل سے ریاض میں ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ اور فلپ لازارینی نے ریلیف اور انسانی ہمدردی کی کوششوں اور شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اور اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے طریقوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے فروری میں منعقد ہونے والے تیسرے ریاض انٹرنیشنل ہیومینٹیرین فورم میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے غزہ، مغربی کنارے، اردن، شام اور لبنان میں سکولوں، ہیلتھ کیئر اور امداد کے لیے 1.6 بلین ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل کی ہے جہاں زیادہ تر فلسطینی پناہ گزین یا مختلف عرب اسرائیل تنازعات سے تعلق رکھنے والے کی اولاد رہتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 87 ممالک میں مختلف قسم کے دو ہزار 208 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 6 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4.2 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کےعلاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام 341 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 229 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔