Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساما کی سالانہ کانفرنس میں معیشتوں پر مہنگائی کے اثرات پر بحث

سالانہ کانفرنس 31 جنوری سے یکم فروری تک ریاض میں منعقد ہوئی ہے( فوٹو: عرب نیوز)
دنیا کی معیشتوں اور خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے پر بڑھتے ہوئے افراط زر کے اثرات سعودی عرب کے مرکزی بینک ساما کی اس سال کی سالانہ کانفرنس کے سب سے اہم موضوعات میں سے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں ترقیاتی اقتصادیات پر سعودی عرب کے مرکزی بینک کی دوسری سالانہ کانفرنس 31 جنوری سے یکم فروری تک ریاض میں منعقد ہوئی۔
اپنی افتتاحی تقریر کے دوران ساما کے ڈپٹی گورنر برائے تحقیق اور بین الاقوامی امور فہد الشژی نے اقتصادی ترقی اور استحکام کو بڑھانے کے لیے کانفرنس کی جانب سے تعلیمی تحقیق کی حوصلہ افزائی کی۔
ڈپٹی گورنر نے کہا کہ کانفرنس نے پالیسی سازوں کو درپیش اہم مسائل پر بات چیت کے لیے خطے کے معاشی اداروں کی شرکت کو فروغ دیا۔
فہد الشژی نے ساما کی جانب سے مملکت کی معیشت کو فروغ دینے، اقتصادی اور مالیاتی تحقیق کے لیے شروع کیے گئے انیشیٹوز پر بھی توجہ دلائی جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کی سپورٹ کرتے ہیں۔
ساما کے گورنر فہد المبارک کی سرپرستی میں ہونے والی اس کانفرنس میں عالمی بینک کے نائب صدر فرید بلحاج سمیت مرکزی بینک کے متعدد عہدیداروں، سینئیر اقتصادی محققین اور اعلیٰ بین الاقوامی مقررین نے شرکت کی۔
کانفرنس مختلف شعبوں میں تحقیق کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی اور بین الاقوامی محققین اور ماہرین اقتصادیات کے ساتھ ساما کی مسلسل کوششوں سے ہم آہنگ ہے۔

شیئر: