پرائمری سکولز میں نئے داخلوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن
نئی سروس سے ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ طلبہ کو فائدہ ہوگا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان نے پرائمری سکول میں نئے داخلوں کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس کا افتتاح کیا ہے۔ وزارت تعلیم نے پہلی بار یہ سروس متعارف کرائی ہے۔
اخبار24 کے مطابق آن لائن اندراج سروس سے پرائمری سکول کے نئے طلبہ کے سرپرستوں کو سہولت ہوگی۔
نئی سروس کے ذریعے یہ بات آسانی سے معلوم کی جاسکے گی کہ امیدوار طالبعلم پرائمری سکول میں داخلے کا مستحق ہے یا نہیں۔
داخلے کی اہلیت کا فیصلہ تاریخ پیدائش سے ہوگا۔ امیدواروں کا ڈیٹا آن لائن مہیا ہوگا۔ نیشنل انفارمیشن سینٹر، ریئل سٹیٹ جنرل اتھارٹی، سعودی پوسٹل (سبل)، وزارت صحت اور وزارت انصاف کے ڈیٹا سے مدد لی جائے گی۔
نئے تعلیمی سال پرمملکت میں 12 ہزار سے زیادہ پرائمری سکولوں میں نئے داخلے کے امیدواروں کا اندراج منظم طریقے سے ممکن ہوگا۔
پہلے مرحلے میں نئی سروس سے ساڑھے چار لاکھ سے زیادہ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔