Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک کے عازمین کے لیے ’نسک حج‘ پورٹل

’نسک حج‘ پورٹل میں سات زبانوں کی سہولت دی گئی ہے۔ (فوٹو: وزارت حج و عمرہ)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے امریکہ، آسٹریلیا اور یورپی ممالک سے حج پر آمد کی کارروائی کو آسان بنانے کے لیے بدھ کو ’نسک حج‘ hajj.nusuk.sa پورٹل جاری کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ’نسک حج‘ پورٹل کے ذریعے آسٹریلیا، امریکہ اور یورپ کے 58 سے زیادہ ممالک کے عازمین حج بکنگ اور رجسٹریشن آسانی سے کرا سکیں گے۔ حج پیکج کی رقم بھی آن لائن ادا کی جا سکے گی۔ 
’نسک حج‘ کے ذریعے رہائش، کھانے پینے، ہوائی جہاز کے ٹکٹ، رہنمائی اور ٹرانسپورٹ جیسی خدمات کے پیکج بھی حاصل کیے جا سکیں گے۔
’نسک حج‘ میں یہ خصوصیت بھی رکھی گئی ہے کہ اس کے ذریعے عازمین حج اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکیں۔ 
وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ پورٹل میں سات زبانوں کی سہولت دی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں امیدوار پروفائل قائم کریں گے اس میں اپنے بارے میں تمام مطلوبہ معلومات درج کریں گے۔
دوسرے مرحلے میں حج کرنے کے امیدوار مطلوبہ سہولیات دریافت کرکے بکنگ کرا سکیں گے۔ اس حوالے سے انہیں مطلوبہ دستاویزات اور کاغذات منسلک کرنا ہوں گے۔
وزارت نے بتایا کہ پیکج کی رقم، ویزا اور ماسٹرکارڈ، بینک ٹرانسفر اورعازمین حج کے ملکوں میں موجود سروسزسینٹر کے ذریعے سداد سسٹم پر نقد بھی جمع کرائی جاسکے گی۔
سعودی حکومت حج 2023 کے حوالے سے زائرین کی آمد میں سہولت کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ ’نسک حج‘ پورٹل کا اجرا اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: