سعودی مساجد میں شام اور ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے جمعے کے خطبات
آئمہ نے زلزلہ زدگان کی مدد کے حوالے سے دینی احکام اجاگر کیے (فوٹو: ٹوئٹر حرمین شریفین)
سعودی عرب کی تمام جامع مساجد میں جمعے کے خطبات شام اور ترکیہ میں زلزلہ زدگان کی مدد کے حوالے سے دیے گئے ہیں۔
الریاض اخبار کے مطابق وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے مملکت کے تمام ریجنز کی جامع مساجد کے خطیبوں کو تحریری طور پر جمعے کے خطبات زلزلہ زدگان کی مدد کے موضوع پر دینے کی ہدایت جاری کی تھی۔
جامع مساجد کے ائمہ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ان ہدایت کو جمعہ کے خطبات میں اجاگر کیا جن میں انہوں نے شامی اور ترک عوام کے مصائب و آلام دور کرنے کے لیے غذائی اشیا، ادویہ، طبی لوازمات اور لاجسٹک امداد بھیجنے کے لیے دی تھی۔
آئمہ نے زلزلہ زدگان کی مدد کے حوالے سے دینی احکام اجاگر کیے، عطیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور مصیبت کی گھڑی میں اپنوں کے کام آنے کی تلقین کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عطیات صرف سرکاری ذرائع کے توسط سے دیے جائیں۔ غیر سرکاری عطیات مہم میں حصہ نہ لیا جائے۔