ترکیہ میں زلزلہ:’منگیتر کی قمیص ہے، یادیں ہیں اور انتظار ہے‘
اوزان کی ’منگیتر کئی دن سے ملبے تلے پھنسی ہے جبکہ وہ آخری رمق تک امید کا دامن تھامے منتظر ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے کے بعد سے لے کر اب تک المناک کہانیاں منظر عام پر آ رہی ہیں۔
العربیہ کے مطابق دونوں متاثرہ علاقوں میں ہزاروں افراد ایسے ہیں جو اپنے پیاروں کے زندہ بچنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔
کئی ایسے بھی ہیں جو اتنے دن تک ملبے تلے پھنسے اپنے پیاروں کی زندگی سے مایوس ہو گئے ہیں اور انہیں دفنانے کے منتظر ہیں۔
ترکیہ کے اوزان نامی نوجوان کی کہانی صحافی خاتون ربیعہ جتین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہے۔
اوزان اپنی 24 سالہ منگیتر کے انتظار میں بیٹھے ہیں جبکہ ان کے ہاتھ میں منگیتر کی صرف ایک قمیص رہ گئی ہے۔
اوزان کی منگیتر کئی دن سے ملبے تلے پھنسی ہے جبکہ وہ آخری رمق تک امید کا دامن تھامے منتظر ہے۔
دونوں کی شادی مئی میں متوقع تھی مگر قدرت کو کچھ اور منظور تھا۔