گھریلو ملازمائیں مملکت کے کن سات ایئرپورٹس پر آ سکتی ہیں؟
خروج و عودہ ویزے پر گھریلو ملازمہ کی کارروائی آجر کے ذمے ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے ادارے ’مساند‘ نے کہا ہے کہ ’ایگزٹ ری انٹری ویزے (خروج و عودہ ویزے) پر آنے والی گھریلو ملازماؤں کی دستاویزی کارروائی کے لیے سعودی عرب کے سات ایئرپورٹس مختص کیے گئے ہیں۔‘
عکاظ اخبار کے مطابق مساند کا کہنا ہے کہ ’سات ایئرپورٹس میں سے کسی ایک سے گھریلو ملازمہ کی کارروائی کرانا اور مملکت پہنچنے پر استقبال آجر کی ذمہ داری ہے۔‘
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض، کنگ فہد ایئرپورٹ ظہران، امیر نایف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مدینہ منورہ، حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، الاحسا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گھریلو ملازمائیں خروج و عودہ ویزے پر پہنچیں گی۔
ایئرپورٹ سے ان کی کارروائی کرا کے اپنے ہمراہ گھر لے جانا کفیل کی ذمہ داری ہے۔ ملازمہ سے رابطہ بھی کفیل کے ذمے ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ پاسپورٹ اس سے قبل یہ بات واضح کر چکا ہے کہ پہلی بار کوئی گھریلو ملازم اپنے وطن سے سعودی عرب پہنچے گی تو اس کی کارروائی ریکروٹنگ ایجنسی کے ذمے ہو گی تاہم خروج و عودہ ویزے پر واپس آنے والی ہر گھریلو ملازمہ کی کارروائی آجر کے ذمے ہے۔